About انگارے

ماہنامہ کتابی سلسلہ
انگارے ملتان
مرتب:  ڈاکٹر سید عامر سہیل

تعارف

پاکستان سے شائع ہونے والے ادبی رسائل اور کتابی سلسلوں میں ”انگارے“کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ ترقی پسند ادبی رجحانات کے حامل اِس ماہانہ کتابی سلسلے کا آغاز جنوری 2003ء میں ہوا تھا اور جنوری2008تک ایک تسلسل کے ساتھ اس کے 61شمارے شائع ہوئے تاہم ناگزیز وجوہات کی بنا کر اشاعتی تسلسل میں تعطل آ گیا۔ جنوری 2008سے ٹوٹے ہوئے سلسلے کو فروری 2015میں بحال کیا گیا ہے اور تاحال یہ سلسلہ جاری ہے۔ ”انگارے“ میں معاصر ادبی رجحانات و میلانات کو خصوصیت کے ساتھ زیر بحث لایا جاتا ہے۔ تحقیقی و تنقیدی مقالات کے علاوہ تخلیقی ادب کو بھی اس میں خاص اہمیت دی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ ’’انگارے‘‘میں شخصیات اور مباحث کے خصوصی نمبر، گوشے، مباحثے اور انٹرویوز بھی شائع کیے جاتے ہیں۔

”انگارے“کی اشاعت کا بنیادی مقصد ایک صحت مند ادبی مکالمے کا فروغ ہے۔ عدم برداشت کے کلچر میں ”انگارے‘‘اظہار کی آزادی اور جمہوری رویوں پر مکمل اعتماد رکھتا ہے کہ ہر کسی کو لکھنے، کہنے اور سوچنے کی مکمل آزادی ہے اور یہ عمل اُسی صورت میں قائم رہ سکتاہے جب تک مکالمے کی فضا کو ساز گار نہیں بنایا جائے گا۔ نقطہ نظر کی آزادی ہی بہتر ادبی اور تخلیقی تناظر کو نمایاں کر سکتی ہے۔ اگرچہ ”انگارے‘‘ترقی پسند ادب کا ترجمان ہے تاہم اس میں ہر نقطہ ئنظر کا سنجیدہ لکھاری شامل ہو سکتا ہے اور صحت مند مکالمے کو آگے بڑھا سکتا ہے۔